top of page

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

جو داغِ عشقِ شہ دیں ہیں دل پہ کھائےہوئے

جو داغِ عشقِ شہ دیں ہیں دل پہ کھائےہوئے وہ گویا خلد بریں کی سند ہیں پائے ہوئے

تمہارے در کے گداؤں کے واسطے یا شاہ بہشت لائے ہیں رضواں دلہن بنائے ہوئے

اٹھا کے آنکھ نہ دیکھے وہ حورو غلما کو نظر میں جس کی ہیں ماہ عرب سمائے ہوئے

ہے عاشقوں کی نظر تیرے رخ پہ باطن میں بظاہر اپنا کفن میں ہیں منہ چھپائے ہوئے

ہے ان کے دفن پہ قربان جان عالم کی جو تیرے ہاتھ سے ہیں قبر میں سلائے ہوئے

ٹھہر ذرا ملک الموت دیکھ لینے دے شہِ مدینہ ہیں بالیں پہ میرے آئے ہوئے

اجل ہے سر پہ کھڑی دیر کرنہ اے غافل رہ مدینہ کو طے کر قدم بڑھائے ہوئے

نہ جائیں گے کہیں ہل کر اس آستانے سے کہ ہم ہیں یا شہ طیبہ ترے ہلائے ہوئے

وہ دن نصیب ہو ہاتھوں میں جالیاں تھامے کھڑے ہوں ترے روضے پہ سر جھکائے ہوئے

فرشتے کرتے ہیں یوں زائر و ں کا استقبال کہ یہ حبیب مکرم کے ہیں بلائے ہوئے

کچھ ایک ہم ہی نہیں ہیں درِ نبی کے گدا قمر بھی داغ غلامی ہے دلپہ کھائے ہوئے

خدا نے ان کو کیا سر بلند عالم میں ترے حضور میں آئے جو سر جھکائے ہوئے

فلک پہ عرش پہ جنت میں تیرا اسم شریف خدا نے نام سے اپنے لکھا ملائے ہوئے

گلاب بلکہ سبھی پھول یا رسول اللہ ترے پسینے کی خوشبو میں ہیں بسائے ہوئے

بہشت و خلد ہیں کیا بلکہ کل خزانوں کا خدا کے گھر سے ہیں وہ اختیار پائے ہوئے

عجب ہے کیا جو کھلے ان پہ غیب کے اسرار خدا کے ہیں وہ سکھائے ہوئے پڑھائے ہوئے

سنا ہے جب سے کہ یُعْطِیْکَ رَبُّکَ فَتَرْضٰی تمہاری امت عاصی کے دل سوائے ہوئے

ترا کرم کہ تو فرمائے امتی ہر دم ہمارا ظلم کہ ہم ہیں تجھے بھلائے ہوئے

زہے نصیب کہ امت کی مغفرت کے لیے وہ ہیں جناب الہٰی میں ہاتھ اٹھائے ہوئے

غلام اُن کے گرفتار کیوں ہوں محشر میں وہ سب کو دامن اقدس میں ہیں چھپائے ہوئے

اگر چہ نیک عمل کچھ نہیں ہمارے پاس مگر حضور کا ہیں آسرا لگائے ہوئے

سوا حضور کے کوئی نہیں رفیق اپنا عزیز جن کو سمجھتے تھے وہ پرائے ہوئے

کچھ اس میں شک نہیں بدہیں گنہگار ہیں ہم مگر بدوں کو بھی رکھو شہا نِبھائے ہوئے

حضور حشر میں بگڑی گناہگاروں کی بنے گی کیسے بغیر آپ کے بنائے ہوئے

سفید نامۂ اعمال کیوں نہ ہوں ان کے ترے کرم کی جو بارش میں ہیں نہائے ہوئے

ندا یہ حشر میں ہوگی کہ دیکھ لیں عشاق نقاب دہ رخ انور سے ہیں اٹھائے ہوئے

ہے منکروں کے لیے روز حشر نار جحیم قصور و خلد غلاموں پہ ہیں لٹائے ہوئے

مدد کرو کہ تمہارے غلام کے پیچھے ہے دشمنوں کا ہجوم آستیں چرھائے ہوئے

جمیلِ قادری نعت نبی سنائیں گے خدا کے سامنے جائیں گے جب بلائے ہوئے

جمیلِ قادری چمکےنہ کیوں کلام ترا کہ تو جناب رضا سے ہے فیض پائے ہوئے

قبالۂ بخشش

18 views
bottom of page