top of page

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

تم ہی ہو چین اور دلِ بے قرار میں

تم ہی ہو چین اور دلِ بے قرار میں تم ہی تو ایک آس ہو قلبِ گنہگار میں

روح نہ کیوں ہو مضطرب موت کے انتظار میں سنتا ہوں مجھ کو دیکھنے آئینگے وہ مزار میں

خاک ہے ایسی زندگی وہ کہیں اور ہم کہیں ہے اسی زیست میں مزار جو دیارِ یار میں

بارشِ فیض سے ہوئی کشتِ عمل ہری بھری خشک زمیں کے دن پھرے جان پڑی بہار میں

دل میں جو آکر تم رہو سینے میں تم اگر بسو پھر ہو وہی چہل پہل اُجڑے ہوئے دیار میں

ان کے جو ہم غلام تھے خلق کے پیشوا رہے اُن سے پھرے جہاں پھر آئی کمی وقار میں

قبر کی سونی رات ہے کوئی نہ آس پاس ہے اک تیرے دم کی آس ہے قلبِ سیاہ کار میں

فیض نے تیرے یا نبیﷺ کردیا مجھ کو کیا سے کیا ورنہ دھرا ہوا تھا کیا مٹھی بھر اس غبار میں

جس کی نہ لے کوئی خبر بند ہوں جس پہ سارے در اس کا تو ہی ہے چارہ گر آئے ترے جوار میں

چار رسل فرشتے چار چار کتب ہیں دین چار سلسلے دونوں چار چار لطف عجب ہے چار میں

آتش و آب و خاک بادان ہی سے سب کا ہے ثبات چار کا سارا ماجرا ختم ہے چار یار میں

سر تو سوئے حرم جھکا دل سوئے کوئے مصطفیٰﷺ دل کا خدا بھلا کرے یہ نہیں اختیار میں

اس پہ گواہ ھُوَالَّذِیْ شیشہ حق نما نبیﷺ دیکھ لو جلوۂ نبی شیشۂ چار یار میں

سالکؔ روسیہ کا منہ دعویٰ عشقِ مصطفیٰﷺ پائے جو خدمتِ بلال آئے کسی شمار میں

11 views
bottom of page