top of page

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

نظر بَر حالِ اُمّت مذہبِ اسلام کے ہادی

نظر بَر حالِ اُمّت مذہبِ اسلام کے ہادی کہ اب دیکھی نہیں جاتی مسلمانوں کی بربادی

ترے ہوتے ہوئے یہ ہر طرف رسوائی و ذلّت تری موجودگی میں یہ تباہی اور بربادی

ترے مذہب سے یہ برتاؤ ناری فتنہ سازوں کا تری ملّت کے ساتھ اس درجہ شفّاکی و جَلّادی

مٹائے جا رہے ہیں نام لیوا تیرے دنیا سے اُجاڑی جا رہی ہے تیرے دیوانوں کی آبادی

دہائی ہے دہائی ہے دہائی یارسول اللہ تری درگاہ میں فریاد کرتے ہیں یہ فریادی

عطا کر اپنے کمزوروں کو پھر زورِ یداللّٰہی نہیں تیرے سوا کوئی مسلمانوں کا امدادی

تری سرکار کا ادنٰی سپاہی فاتحِ اعظم ترے دربار کا درباں امینِ روح آزادی

ترے دَر کی غلامی میں ہے پوشیدہ سلاطینی کہ شاہانِ زمانہ ہیں تری چوکھٹ پہ فریادی

ترے اعجاز کی روحانیت سے زندگی ارزاں ترے صحرا کے دم سے گلشنِ عالم کی آبادی

تری خاکِ کفِ پا سے یَدِ بیضائیت افشاء تری ذرّہ نوازی سے مجلّٰی طور کی وادی

ترے پیغام کی فاراں کی چوٹی سے کِرن پھوٹی کہ تُونے بُت پرستوں سے خدا کی بات مَنوا دی

تری آقائیت نے کاٹ دی بیڑی غلامی کی تری آزاد فطرت نے حصارِ تمکنت ڈھا دی

ترا صدّیقؓ رشکِ آفتابِ گنبدِ گردوں صداقت کی ضیا جس نے تمام عالم میں پھیلا دی

ترے فاروقؓ کا عدلِ جہاں بینی جہاں بانی عدالت کی نظر میں دفعۂ قانون بنیادی

وہ ذوالنّورین عثماںؓ جامع القرآں جسے کہیئے ترے اطوار کا تابع ترے اخلاق کا عادی

ترے خیبر شکن سے مرحَبانِ فیل تن لرزاں عطا کرتی ہے تیری تربیت بازوے فولادی اجمؔل ترے خالدؓ نے روندے تاج خود سَر بادشاہوں کے ترے اصحاب نے غزوات کی تاریخ چَمکا دی

زمانہ گونج اُٹھّا نعرۂ اللّہ اکبر سے زمینِ خشک پر کشتی ترے طارقؓ نے تیرا دی

ترے حَسنین کی قربانیاں کہتی ہیں بالآخر غلامی زیست سے بہتر ہے اجمؔل مرگ آزادی

اجمل سلطان پوری

6 views

Recent Posts

See All
bottom of page