top of page

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

معجزات رسول ﷺ

معجزات رسول صلی اللہ علیہ وسلم

اُن کے پاے ناز ، اُن کے دست و بازو معجزہ مصطفیٰ کی ذات کا ہر ایک پہلو معجزہ

وہ ہنسیں ، عالَم ہنسے ، وہ روئیں ، عالم رو پڑے مسکراہٹ معجزہ ، ہر ایک آنسو معجزہ

رُخ کریں تبدیل ، تو قبلہ بدل دیتا ہے رب خواہشِ دل معجزہ ، اور رَغبت رٗو معجزہ

مصطفیٰ جو ترک فرمادیں، وہ رَد ہے تا ابد جس کو اپنا لیں ، قیامت تک وہی خٗو معجزہ

بے زباں کو بھی ، زباں مل جاتی ہے اُن کے طفیل پتھروں کی گفتگو ، اور نُطقِ آہٗو معجزہ

اک اشارے سے کوئ پَلٹا ، کوئ ٹکڑے ہوا مَہر و مَہ پر ان کی قدرت اور قابو معجزہ

سینہ و قلب و جگر ، پیشانی و پُشت و کَمَر گردن و حُلقوم و سَر ، رُخسار و تالُو معجزہ

ان کے نقشِ پا ، زمین و آسماں کی آبرو ایڑیاں ، تلوے ، قدم ، اور ساق و زانٗو معجزہ

اترا ہے قرآن ، جس کی مدحت و تکریم میں بارک اللہ سَر سے پا تک ، ہے وہ خوش رٗو معجزہ

نور سے جیسے بھرے ہیں آفتاب و ماہتاب یوں نبی کی ذاتِ اقدس میں ہے مَملٗو معجزہ

منتظر جس کے اشارے کا ہے نَظمِ کائنات وہ توجہ وہ نظر وہ چشم و اَبرُو معجزہ

صورت و سیرت کے جلوے ، بے مثال و لاجواب ہر ادا ، ہر بات ، ہر حالت، ہر اک مٗو ، معجزہ

تا ابد نسلوں میں ہے جس کی مہک، جس کی چمک وہ پسینہ معجزہ، اور اس کی خوشبو معجزہ

جس طرف وہ چل پڑیں، اور جس جگہ رکھیں قدم وہ گلی ، وہ راستہ، وہ خاک، وہ سٗو ، معجزہ

والضحٰی ، والّیل اور و النّجم پڑھ کر دیکھ لو چہرہ و حُسن و جمال و قَدّ و گیسٗو معجزہ

آنکھ والوں کو نظر آئے کمالاتِ رسول جو تھے نابینا وہ بولے ،، ہے یہ جادو معجزہ

جس کے قطروں سے ہوئ سیراب خود پانی کی روح نکلا جو انگشت سے وہ آب، وہ جٗو ، معجزہ

میرے آقا کا تبسم روشنی ہی روشنی ان کے دندانِ مبارک رشکِ لُولُو معجزہ

جس سے دیوانوں کو ملتا تھا پتہ سرکار کا جسمِ اطہر کی عظیم الشان وہ بٗو ، معجزہ

یہ فریدی کیا لکھے ، اُس ذات کا فضل و کمال جس کے ہر کردار کو رب نے کیا ذُو معجزہ

از فریدی صدیقی مصباحی مسقط عمان

6 views
bottom of page