?ثناۓ حضور ﷺ? (نادر و نایاب قوافی)
جہاں میں تذکرہ ہے جن لبوں کی جگمگاہٹ کا اجالا ہو مرے دل میں بھی ان کی مسکراہٹ کا
ادب کی اوڑھ کر چادر ، پئےِ تسلیم آتی ہے نہیں اُس در پہ آوازہ ، ہوا کی سرسراہٹ کا
پلادیتے ہیں جس کو جام وہ چشمِ عنایت سے نہ اُس کو خوف گِرنے کا نہ خطرہ ، لڑکھڑاہٹ کا
بڑی مُعجِز خرامی سے قدم رکھتے ہیں وہ لیکن فضا کی مشکباری ، کام کردیتی ہے آہٹ کا
درِ رحمت کے ذروں میں ستارے جھلملاتے ہیں دلِ بینا سے ہوتا ہے نظارہ ، جِھلملاہٹ کا
عرق اُن کا عروسِ گل کے ہے دامانِ فطرت میں یہی ہے راز ، گلشن میں کلی کی کِھکھلاہٹ کا
اگر ذوقِ ترنم ہو تو بس اُن کی ثنا گاؤ ! تعلق ، خلد سے ہے نعتِ شہ کی گنگناہٹ کا
گِری احقاقِ حق کی ایسی بجلی اُن کی آمد سے ابھی تک قصرِ باطل میں ہے عالم ، سنسناہٹ کا
حقیقت نے لگایا وہ تمانچہ ، اُن کے بدگو پر رہے گا حشر تک احساس اُس کی جَھنجھناہٹ کا
دواۓ توبہ سے وہ آج ہی کر لے علاج اپنا خلافِ اہلِ حق ، جس کو جنوں ہے بڑبڑاہٹ کا
امیری میں بھی ہم شانِ فقیری رکھتےہیں سیفی اثر ، دل پر نہیں ہے سیم و زر کی کھنکھناہٹ کا
سیدشاکرحسین سیفی
https://www.facebook.com/NaatAcademyIN/
Naat Lyrics
Https://instagram.com/naatacademy