یانبیﷺ آپ کا پیارا پیارا حرم

یانبیﷺ آپ کا پیارا پیارا حرم
 
ہر قدم پر یہاں ہے کرم ہی کرم
 
آپ کی جالیاں کس قدر ہیں حسیں
 
اور گنبد ہرا خوب ہی محتشم
 
چوم لیں آپ کو دیکھ کر بوالبشر
 
دِید کا شوق رکھیں سب ہی ذی امُم
 
آپ کے در کے سائل ہیں شاہ و گدا
 
جن کی آنکھیں ہیں نم اور آہیں گرم
 
کعبۃ اللہ مصفّا ہوا آپ سے
 
آپ کو دیکھ کر گر پڑے سب صنم
 
حکم قرآں سے ہر قول واجب ہوا
 
آپ کے سارے فرمان ہیں پُر حِکَمْ
 
عاصیوں کی دعاؤں پہ جو آمیں کہیں
 
آپ کے در پہ ایسے فرشتے خِدَم
 
آپ سے نور پائیں سب اہل زَمن
 
آپ رحمت جہاں کی شفیع اُمم
 
خوب جنت کی کیاری کے لُوٹے مزے
 
رحمتوں کی گھٹا مجھ پہ تھی دم بہ دم
 
آپ کے در پہ لایا ہوں جرم و خطا
 
معاف کر دیجئے رکھ کے میرا بَھرَم
 
تجھ پہ حافؔظ کرم کی وہ بارش ہوئی
 
بہہ گئے سب گُنَہْ اور ہوئے دور غَم
 
(۹ رمضان المبارک ۱۴۳۷ھ/ ۱۴ جون ۲۰۱۶ نزیل مدینہ منورہ)

#ابنخلیلاحمدمیاںحافظالبرکاتی #حدائقبرکات

    30
    0