ہے سارے انبیاء میں آقاﷺ کا نام اونچا

آقا کا نام اونچا

ہے سارے انبیاء میں آقاﷺ کا نام اونچا
 
دنیا کے سروروں میں ان کا غلام اونچا
 
آیات ذکر رفعت اعلان کر رہی ہیں
 
بس ذکر مصطفیﷺ ہے بے شک مُدام اونچا
 
وہ رفعتیں عطا کیں وہ نعمتیں عطا کیں
 
دنیا میں نام اونچا عقبیٰ میں کام اونچا
 
جب انبیاء کہیں گے جاؤ ان ہی کے در پر
 
دیکھیں گے اہل محشر ان کا مقام اونچا
 
ہر شے پُکارتی ہے صل علیٰ محمدﷺ
 
سارے جہاں میں پہنچا ان کا کلام اونچا
 
لاکھوں سلام ان پر لاکھوں درود ان پر
 
جو اُن پہ پڑھ رہا ہے اس کا مقام اونچا
 
میں چل پڑا مدینے وِردِ درود لےکر
 
جب بھی مجھے ملا ہے ان کا پیام اونچا
 
دونوں جہاں میں اعلیٰ دونوں جہاں میں اولیٰ
 
ان کا مقام اونچا ان کا کلام اونچا
 
احمد رضا کے پیچھے محشر میں جب کھڑا ہو
 
حافؔظ کو تب عطا ہو کوثر کا جام اونچا
 
(۹ رمضان المبارک ۱۴۳۷ھ/ ۱۴ جون ۲۰۱۶) نزیل مدینہ منورہ

#ابنخلیلاحمدمیاںحافظالبرکاتی #حدائقبرکات

    30
    0