ہر رنگ میں ان کا جلوہ ہے

ہر رنگ میں ان کا جلوہ ہے ہرحُسن میں اُن کی رعنائی

ہر قلب میں اُن کا مسکن ہے ہر آنکھ میں ان کی زیبائی

بے چین ہوں یاد بطحا میں، سہتا ہوں جُدائی کے صدمے

دِل ہجر نبی میں روتا ہے، تڑپاتی ہے شب کی تنہائی

منہ مانگی مرادیں ملتی ہیں، ہر غم کا مداوا ہوتا ہے

دَربار نبی اکرم سے جو چیزبھی مانگی وہ پائی!

جو راحت جاں ہے وجہ سکوں ہر درد کا درماں کیوں نہ کہوں

وہ یاد تمہاری ہے آقا جو ھر مشکل میں کام آئی

کہتے ہیں جسے سب خلدِ نظر سایہ ہے تمارے دامن کا

نسبت ہے جسے اس دامن سےکچھ غم نہ فِکر رُسوائی

جب لطف ہے شاہِ دو عالم اے حُسن ِ مجسم جانِ کرم

ہم بھی ہوں وہاں حاضر کہ جہاں ہے آپ کی جلوہ آرائی

یہ ان کے کرم کا صدقہ ہے، یہ ان کی عطا کی باتیں ہیں

خُدّام کو بخشا تاجِ شہی منگتوں پہ تصّدق دارائی

کشتی محبت سے لاکھوں طوفانِ حوادث ٹکرائے

پِھر بھی سرِ ساحل اے خاؔلد سرکار کی نسبت لے آئی

#خالدمحمودخالدنقشبندی #قدمقدمسجدے

    120
    0