top of page
Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

یادِ مدینہ جب آجائے ، وہ بھی اِتنی رات گئے

حضرت اجملؔ سلطان پوری کے بارے میں شہزادۂ شیخ الکبیر حضرت محمد فاروق میاں چشتی صاحب قبلہ دام ظلہٗ العالی نے ابھی ابھی ان کے زمانۂ طالب علمی‌ کا ایک واقعہ مجھے ارسال کیا ، آپ بھی پڑھیں اور اجملؔ کی اہمیت کا ادراک کریں :

اجملؔ سلطان پوری ایک دن اشرفیہ مبارک پور میں سو رہے تھے ، حافظ ملت علیہ الرحمہ نے کسی طالب علم سے پوچھا اجملؔ کہاں ہیں ؟ جواب دیا: سو رہے ہیں ، کیا انکو جگا دیں؟ حضرت نے فرمایا : نہیں سونے دو نہ جانے اس وقت وہ کہاں ہوں؟

اس جملہ نے اجملؔ سلطان پوری کا وقار میرے دل میں بڑھا دیا ، اللہ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور درجات بلند فرمائے۔”

اجملؔ سلطان پوری کی ایک خوب صورت نعت جو مجھے بے حد پسند ہے اور اکثر رات گئے گنگنانے سے بڑا لطف و سرور آتا ہے ، آپ بھی پڑھیے گا ، مُشاہدؔ :

یادِ مدینہ جب آجائے ، وہ بھی اِتنی رات گئے دل‌ کیا کیا تڑپے تڑپائے ، وہ بھی اِتنی رات گئے

نعتِ نبی کے جھونکے آئے ، وہ بھی اِتنی رات گئے سانسوں کے سَرگم لہرائے ، وہ بھی اِتنی رات گئے

رات کی اِس ڈھلتی بیلا میں‌ کس نے چھیڑا ذکرِ رسول کس نے آئینے دکھلائے ، وہ بھی اِتنی رات گئے

سورۂ نجم کا ساغر چھلکا ، تاروں کی برسات ہوئی اصحابِ آقا یاد آئے ، وہ بھی اِتنی رات گئے

تاروں کی مصری کی ڈلیاں گھول رہی ہیں شربتِ نور جو پی لے روشن‌ ہوجائے ، وہ بھی اِتنی رات گئے

خوابِ مدینہ دیکھ رہا ہو ممکن ہے بیدار نصیب سوئے ہوئے کو کون جگائے ، وہ بھی اِتنی رات گئے

صلِ علیٰ کا گجرا گَمکے ، سہرے کے پھولوں کا سلام عرشِ بریں کے دولھا آئے ، وہ بھی اِتنی رات گئے

مسجدِ نبوی ، خلد کی‌ کیاری ، روضۂ جنت کی وہ‌ بہار تاروں کے وہ سرَکتے سائے ، وہ بھی اِتنی رات گئے

یادِ نبی کا لمحہ لمحہ ، جگمگ جگمگ جگنو سا ہر دم‌ جلتا بجھتا جائے ، وہ بھی اِتنی رات گئے

آنکھ میں آنسو ، لب پہ تبسّم ، ہجر کا غم ، ملنے کی‌ اُمید شبنم روئے ، پپیہا گائے ، وہ بھی اِتنی رات گئے

بیلے کی کلیاں متبسّم ، خوشبو ریز ترنم میں اجملؔ شاید نعت سنائے ، وہ بھی اِتنی رات گئے

کلام : اجملؔ سلطان پوری انتخاب و پیش کش : مشاہد رضوی

 
 
bottom of page