کر اہتمام بھی ایماں کی روشنی کے لیے
- Naat Academy
- Aug 12, 2021
- 1 min read
کر اہتمام بھی ایماں کی روشنی کے لیے
درود شرط ہے ذکرِ محمدی کے لیے
تلا ہوا ہے کرم بندہ پروریِ کے لیے
کشادہ دامنِ رحمت ہے ہر کسی کےلیے
نہیں ہے حسن ِ عمل پاس آنسوؤں کے سوا
چلا ہوں لے کے یہ موتی درِ نبی کےلیے
مرے تو آپ ہی سب کچھ ہیں رحمت عالم
میں جی رہا ہوں زمانے میں آپ ہی کےلیے
تمہارے مہر کرم کے ظہور سے پہلے
ترس رہی تھی بھری بزم روشنی کے لیے
تمہاری یاد کو کیسے نہ زندگی سمجھوں
یہی تو ایک سہارا ہے زندگی کے لیے
لگی ہیں روضۂ پُر نور پَر مری آنکھیں
یہ اہتمام ضروری ہے میکشی کے لیے
تمہارے ذِکر کی مستی ہے بندگی سے قریب
سُجود کی نہیں کچھ قید بندگی کے لیے
تمہاری نعت سنائے، سنے، پڑھے، لکھے
بڑا شرف ہے یہ خاؔلد کی زندگی کےلیے