top of page
Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

نشاطِ زندگانی تیرا غم ہے یا رسول اللّٰہ

نشاطِ زندگانی تیرا غم ہے یارسول اللہ

مرا دل رشکِ صد باغ اِرم ہے یا رسول اللہ

تمہارے ہجر میں جو آنکھ نم ہے یا رسول اللہ

تمہاری ہی محبت کا کرم ہے یار سول اللہ

پہنچنا منزلِ مقصود پر مشکل نہیں مجھ کو

مرا رہبر ترا نقشِ قدم ہے یا رسول اللہ

معین ِ بیکساں تم ہو، مرادِ دُو جہاں تم ہو

تمہاری ذات سر تاپا کرم ہے یا رسول اللہ

فقیر بے نواہوں بے سرو ساماں ہوں میں لیکن

تمہارے نام سے میرا بھرم ہے یارسول اللہ

وہ کس کا در ہے تیرا در ہے اے محبوب دو عالم

دو عالم کی جبیں جس در پہ خم ہے یا رسول اللہ

کوئی محروم رہ جائے گدا یہ ہو نہیں سکتا

محیطِ دو جہاں تیرا کرم ہے یارسول اللہ

مرے دِل کا جو قبلہ ہے مدینہ ہے مدینہ ہے

بظاہر سامنے بیت الحرم ہے یارسول اللہ

پلادو شربت دیدار کااک جام اے آقا

مریض ہجر کا آنکھوں میں دم ہے یارسول اللہ

یہ مانا بے عمل ہوں میں مگر اے رحمت عالم

مری نسبت ہے تم سے کیا یہ کم ہے یارسول اللہ

ہے بیخود زیر دامانِ کرم یہ آپ کا خاؔلد

نہ اس کو فکر ہے کوئی نہ غم ہے یارسول اللہ

6 views
bottom of page