آنکھوں کی ٹھنڈک دل کا اُجالا نامِ محمّد ﷺ سب سے نرالا
نامِ محمّد ﷺ ہے سب سے پیارا اس کا وظیفہ ، ایماں ہمارا
اللہ نے رکّھی اس میں وہ برکت پل میں مٹادے ہر درد و کلفت
جنت میں لکّھا ہر ایک شے پر نامِ محمّد ﷺ اللّٰہ اکبر
قائم اسی سے ہے سازِ ہستی ذاکر نبی کا دیکھے نہ پستی
ہر اک بَلا کا دافع نہ ہو کیوں ہر اک خطا کا شافع نہ ہو کیوں
نامِ محمّد ﷺ کرلو وظیفہ دیکھو گے اک دن مکّہ مدینہ
رب سے مِلادے رب کا بنادے نامِ محمّد ﷺ ایسی جزادے
“نوح و خلیل و موسیٰ و عیسیٰ” سارے پیمبر کا ہے یہ آقا
کیسے بیاں ہوں اِس کے فضائل ہے جب کہ واصف پیارا حمائل
بچوں کو اپنے اچھا بناؤ نامِ نبی کی عظمت بتاؤ
دولت ملے گی دونوں جہاں کی نعمت ملے گی کون و مکاں کی
مدحت مُشاہدؔ جم جم کِیا کر پائے گا تسکین اللّٰہ اکبر !
عرض نمودہ : محمد حسین مُشاہدؔ رضوی