منگتے خالی ہاتھ نہ لوٹے
- Naat Academy
- Aug 12, 2021
- 1 min read
منگتے خالی ہاتھ نہ لوٹے کتنی ملی خیرات نہ پوچھو
ان کا کرم پھر ان کا کرم ہے ان کےکرم کی بات نہ پوچھو
کنت کنزاً رازِ مشیّت جلوۂ اسریٰ نورِ ہدایت
جگمگ جگمگ دونوں عالم کیسی ہے وہ ذات نہ پوچھو
حب ِ عشق نبی کونین کی دولت عشق نبی بخشش کی ضمانت
اس سے بڑھ کر دستِ طلب میں ہے بھی کوئی سوغات نہ پوچھو
رشکِ جناں طیبہ کی گلیاں ہر ذرّہ فردوس بد اماں
چاروں طرف انوار کا عالم رحمت کی برسات نہ پوچھو
ظاہر میں تسکین دل و جاں باطن میں معراج دل و جاں
نام نبی پھر نامِ نبی ہے نام نبی کی بات نہ پوچھو
حال اگر کچھ اپنا سنایا اُن کے کرم کا شکوہ ہوگا
میں اپنے حالات میں خوش ہوں مجھ سے مرے حالات نہ پوچھو
تاجِ شفاعت سر پر پہنے حشر کا دولہا آ پہنچا
آنکھیں کھو لو غور سے دیکھو کس کی ہے بارات نہ پوچھو
میں کیا اور کیا میری حقیت سب کچھ ہے سرکار کی نسبت
میں تو بُرا ہوں لیکن میری لاج ہے کس کے ہات نہ پوچھو
خاؔلد میں صرف اتنا کہوں گا جاگ اُٹھا اشکوں کا مقدر
یادِ نبی میں روتے روتے کیسے کٹی ہے رات نہ پوچھو