top of page

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

عرش کی عقل دنگ ہے چرخ میں آسمان ہے

عرش کی عقل دنگ ہے چرخ میں آسمان ہے

جانِ مُراد اب کدھر ہائے تِرا مکان ہے


بزمِ ثنائے زُلف میں میری عروسِ فکر کو

ساری بہارِ ہشت خلد چھوٹا سا عِطر دان ہے


عرش پہ جا کے مرغِ عقل تھک کے گِراغش آگیا

اور ابھی منزلوں پَرے پہلا ہی آستان ہے


عرش پہ تازہ چھیڑ چھاڑ فرش میں طرفہ دُھوم دَھام

کان جِدھر لگائیے تیری ہی داستان ہے


اِک ترے رُخ کی روشنی چین ہے دو جَہان کی

اِنس کا اُنس اُسی سے ہے جان کی وہ ہی جان ہے


وہ جو نہ تھے تو کچھ نہ تھا وہ جو نہ ہوں تو کچھ نہ ہو

جان ہیں وہ جہان کی جان ہے تو جہان ہے


گود میں عالمِ شباب حالِ شباب کچھ نہ پوچھ!

گلبنِ باغِ نور کی اور ہی کچھ اُٹھان ہے


تجھ سا سِیاہ کار کون اُن سا شفیع ہے کہاں

پھر وہ تجھی کو بُھول جائیں دِل یہ تِرا گمان ہے


پیشِ نظر وہ نو بہار سجدے کو دِل ہے بے قرار

روکیے سر کو روکیے ہاں یہی امتحان ہے


شانِ خدا نہ ساتھ دے اُن کے خرام کا وہ باز

سدرہ سے تا زمیں جسے نرم سی اِک اُڑان ہے


بارِ جلال اُٹھا لیا گرچہ کلیجا شق ہُوا

یُوں تو یہ ماہِ سبزہ رنگ نظروں میں دھان پان ہے


خوف نہ رکھ رضاؔ ذرا تو تو ہے عَبدِ مصطفٰی

تیرے لئے اَمان ہے تیرے لئے اَمان ہے


اعلی حضرت

266 views
bottom of page