دل درد سے بسمل کی طرح لوٹ رہا ہو
- Naat Academy
- Sep 4, 2021
- 1 min read
دل درد سے بسمل کی طرح لوٹ رہا ہو سینے پہ تسلی کو ترا ہاتھ دھرا ہو
کیوں اپنی گلی میں وہ روادارِ صدا ہو جو بھیک لیے راہِ گدا دیکھ رہا ہو
گر وقتِ اجل سر تری چوکھٹ پہ جھکا ہو جتنی ہو قضا ایک ہی سجدہ میں اَدا ہو
ہمسایۂ رحمت ہے ترا سایۂ دیوار رُتبہ سے تنزل کرے تو ظلِّ ہُما ہو
موقوف نہیں صبح قیامت ہی پہ یہ عرض جب آنکھ کھلے سامنے تو جلوہ نما ہو
دے اُس کو دمِ نزع اگر حور بھی ساغر منہ پھیر لے جو تشنۂ دیدار ترا ہو
فردوس کے باغوں سے اِدھر مل نہیں سکتا جو کوئی مدینہ کے بیاباں میں گما ہو
دیکھا اُنھیں محشر میں تو رحمت نے پکارا آزاد ہے جو آپ کے دامن سے بندھا ہو
آتا ہے فقیروں پہ انہیں پیار کچھ ایسا خود بھیک دیں اور خود کہیں منگتا کا بھلا ہو
ویراں ہوں جب آباد مکاں صبحِ قیامت اُجڑا ہوا دل آپ کے جلوؤں سے بسا ہو
ڈھونڈا ہی کریں صدرِ قیامت کے سپاہی وہ کس کو ملے جو ترے دامن میں چھپا ہو
جب دینے کو بھیک آئے سرِ کوے گدایاں لب پر یہ دعا تھی مرے منگتا کا بھلا ہو
جھُک کر اُنھیں ملنا ہے ہر اِک خاک نشیں سے کس واسطے نیچا نہ وہ دامانِ قبا ہو
تم کو تو غلاموں سے ہے کچھ ایسی محبت ہے ترکِ اَدب ورنہ کہیں ہم پہ فدا ہو
دے ڈالیے اپنے لبِ جاں بخش کا صدقہ اے چارۂ دل دردِ حسنؔ کی بھی دوا ہو
ذوقِ نعت