top of page
Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

تمہارے دَر پہ پہنچنے کو بے قرار ہیں لوگ

بحضورِ سیّد المُرسَلین، صلّی اللّٰهُ تعالٰی علیہ وآلہٖ وسلّم

تمہارے دَر پہ پہنچنے کو بے قرار ہیں لوگ تمہارے صدقے ہیں، قربان ہیں، نثار ہیں لوگ

تمہِیں ہو آیۂ رحمت، تمہِیں ہو حاصلِ دیں تمہارے ساۓ میں آسودہ بے شمار ہیں لوگ

تمہاری ایک توجّہ سے پار ہے بیڑا یہ اور بات کہ بے حد گناہگار ہیں لوگ

اب اپنے دَر کے گداؤں کی جھولیاں بھر دو کرم کی بھیک مِلے، محوِ انتظار ہیں لوگ

تمہارا حُسن ہے آئینۂ جمالِ خدا براۓ دید بہر حال بیقرار ہیں لوگ

ہے اسمِ پاک تمہارا کلیدِ قُفلِ مراد اِس ایک نام کے صدقے میں کامگار ہیں لوگ

تمہارے دَر پہ گزرتے ہیں روز و شب جن کے شگفتگی میں وہی تو سدا بہار ہیں لوگ

تمہارے نام پہ جو مَر مِٹیں، وہ غُنچہ و گُل جو یہ نہیں تو نگاہِ چمن میں خار ہیں لوگ

خدائی بھر میں ہے اُن کے جمال کا شُہرہ تمہِیں نصیرؔ نہیں اور بھی نثار ہیں لوگ۔

فرمُودۂ الشیخ پیرسیّدنصیرالدّین نصیرؔ جیلانی، رحمتُ اللّٰه تعالٰی علیہ، گولڑہ شریف

 
 
bottom of page