top of page
Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

برسے کرم، حضور ﷺ کی مدحت کا واسطہ

برسے کرم، حضور ﷺ کی مدحت کا واسطہ آقائے محتشم ﷺ کی رسالت کا واسطہ

بادِ نسیم میرے بھی گھر میں رہے مقیم اُس سرمدی گلاب کی نزہت کا واسطہ

میرے قصور سارے کے سارے معاف کر میرے ہر ایک اشکِ ندامت کا واسطہ

ہر حکم یاخدا ترا لاتا رہوں بجا اُس پیکرِ دعا کی اطاعت کا واسطہ

تاریک راستوں میں کھڑا ہوں چراغ دے تجھ کو ترے ہی نورِ مشیّت کا واسطہ

ثابت قدم رہوں میں شبِ امتحان میں مہمانِ ذی وقار ﷺ کی ہجرت کا واسطہ

شامِ طلب میں چاند ستارے اتار دے سب سے بڑے سخی کی سخاوت کا واسطہ

پروانہ اور وہ بھی مری مغفرت کا ہو مَحشر کے دن غلام کی حیرت کا واسطہ

شامل غبارِ شہرِ نبی ﷺ میں ہو میری خاک ہر نقشِ پائے شہرِ محبت کا واسطہ

ہر شب نگاہ میں ہو مدینے کی روشنی اشکوں کے اضطراب کی شدت کا واسطہ

ہر شب رہوں میں گنبدِ خضرا کے آس پاس تیرے نبی ﷺ کے عشق کی دولت کا واسطہ

سوز و گداز پھر ملے سجدوں میں یاخدا! محبوبِ ﷺ ہر زماں کی شریعت کا واسطہ

امت کی اجتماعی خطائیں معاف کر اشکوں سے تر نبی ﷺ کی عبادت کا واسطہ

بھٹکے ہوؤں کو راستہ طیبہ کا پھر دکھا سردارِ دو جہاں ﷺ کی قیادت کا واسطہ

یارب! ملے حضور ﷺ کی امت کو آج بھی ہر ہر قدم پہ آپ ﷺ کی نصرت کا واسطہ

یارب! ہمارا جرمِ ضعیفی معاف ہو سردارِ انبیاء ﷺ کی امامت کا واسطہ

پھر سے عطا ہو مردہ ضمیروں کو زندگی مقصودِ کائناتﷺ، کی سیرت کا واسطہ

اُن ﷺ کے نقوشِ پاک کا اجالا ہو چار سو زندہ نبی ﷺ کی زندہ روایت کا واسطہ

پھولوں کی طشتری ملے ہر اک غلام کو محبوبِ دلنواز کی نزہت کا واسطہ

آقا ﷺ کی ہر ادا پہ پڑھوں رات دن درود آقا ﷺ کے روز و شب کی نفاست کا واسطہ

مانگے ہیں مَیں نے تجھ سے دھنک کے تمام رنگ یارب! نبی ﷺ کے یومِ ولادت کا واسطہ

یارب! درست سَمْت میں جاری سفر رہے آقائے نامدار ﷺ کی جلوت کا واسطہ

ارضِ ریاضؔ پر ہوں چراغوں کی بارشیں شہرِ نبی ﷺ کی شان کا، شوکت کا واسطہ

کلام ۔ ریاض حسین چودھری رَحْمَۃُاللہ عَلَیْہ

10 views
bottom of page