top of page

نعت کی خوشبو گھر گھر پھیلے

Naat Academy Naat Lyrics Naat Channel-Naat-Lyrics-Islamic-Poetry-Naat-Education-Sufism.png

اُمّت کی خستہ حالی پہ چشمِ کرم حضور




اُمّت کی خستہ حالی پہ چشمِ کرم حضور چاروں طرف ہیں شعلۂ ظلم و ستم حضور


اُمّید کی زباں پہ ہے اِمداد کی پُکار ہے آپ ہی کے ہاتھوں، ہمارا بَھرَم حضور

کشمیر لُٹ رہا ہے ، فِلَسطیں لہو ہوا کب تک یہ دیکھیں روتی نگاہوں سے ہم حضور

جاری ہے خاک ہند پہ جبر و جفا کا دَور ٹھہرے ترے کرم سے یہ طوفانِ غم حضور

ہیں مشرکوں کے ہاتھ مسلماں کے فیصلے اسلام کے عدو ہی بنے ہیں حَکَم حضور

سارے جہاں میں حامئِ حق پر ہیں شدتیں غدّارِ دیں کو بخشےگیے جامِ جَم حضور

اِس بات سے تڑپتے ہیں سب مومنوں کے دل قبضے میں غیر کے ہے زمینِ حَرَم حضور

بُت خانے بن رہے ہیں عَرَب کی زمین پر ہیں پانی پانی، مومنِ خاکِ عَجَم حضور

دَرکار ہے حَمِیَّتِ دیں، فکرِ اتحاد مُسلِم کے پاس کم نہیں دام و دِرَم حضور

اے چارہ ساز ! آپ سے کچھ بھی چُھپا نہیں کیا کیا سناٶں اور کروں کیا کیا رقم حضور

گر آپ چاہیں پھر سے مَسرَّت کا آئے دَور گِر جاۓ خود اَلَم پہ ہی بَرقِ اَلَم حضور

ہے التجا کہ عظمتِ رَفتہ بَحَال ہو لہراۓ پھر سے رِفعتِ حق کا عَلَم حضور

غافل دلوں میں جاگ اُٹھیں تازہ ولولے جن سے دفاعِ حق ہو بَطَرزِ اَتَم حضور

پیدا ہوں پھر وراثتِ شبیر کے نقیب کاٹیں یزیدیت کے جو دست و قدم، حضور

سب اھلِ حق کو جوش ملے اتحاد کا علم و عمل سے قوم بنے محترم حضور

توفیقِ خیر ، آپ کی چشم عطا سے ہو اعزاز مومنوں کا بڑھے دم بَدَم حضور

قہر خدا سے دشمنِ ایماں ہلاک ہوں باطل کا ٹوٹے سارا ہی جاہ و حَشَم حضور

رکھ دیں سرِ تمنا پہ مقبولیت کا ہاتھ دہلیز پر جَبینِ محبت ہے خَم حضور

سب کچھ فدا ہےآپ کی عزت پہ یا نبی چاہت ہے جاں سے بڑھ کے خدا کی قَسَم، حضور

صِدق و صَفا فریدی کے نُطق و اَدا میں ہو ملّت کے کام آئیں زبان و قلم حضور

از فریدی صدیقی مصباحی، بارہ بنکوی ، مسقط عُمان





16 views

Recent Posts

See All
bottom of page