فن و شخصیت
پیشکش : محمد حارث
امیر مینائی (پیدائش: 21 فروری 1829ء- وفات: 13 اکتوبر 1900ء) اردو مشہور و معروف شاعر و ادیب تھے۔ وہ 1829ء میں شاہ نصیر الدین شاہ حیدر نواب اودھ کے عہد میں لکھنؤ میں پیدا ہوئے۔ امیر احمد نام مولوی کرم محمد کے بیٹے اور مخدوم شاہ مینا کے خاندان سے تھے۔ لکھنؤ میں پیداہوئے درسی کتب مفتی سعد اللہ اور ان کے ہمعصر علمائے فرنگی محل سے پڑھیں۔ خاندان صابریہ چشتیہ کے سجادہ نشین حضرت امیر شاہ سے بیعت تھی۔ شاعری میں اسیر لکھنوی کے شاگرد ہوئے۔ 1852ء میں نواب واجد علی شاہ کے دربار میں رسائی ہوئی اور حسب الحکم دو کتابیں شاد سلطان اور ہدایت السلطان تصنیف کیں۔ 1857ء کے بعد نواب یوسف علی خاں کی دعوت پر رامپور گئے۔ ان کے فرزند نواب کلب علی خاں نے اُن کو اپنا استاد بنایا۔ نواب صاحب کے انتقال کے بعد رامپور چھوڑنا پڑا۔ 1900 میں حیدرآباد گئے وہاں کچھ دن قیام کیا تھا۔ کہ بیمار ہو گئے۔ اور وہیں انتقال کیا۔ امیر مینائی اپنی متنوع حیثیت کے سبب اپنا ایک ہمہ جہت مقام علم و ادب کی تاریخ میں رکھتے ہیں۔وہ اردو کے ساتھ ساتھ فارسی شاعر بھی ہیں، لغت نویس اور زبان داں بھی ہیں، عالم بھی ہیں، موسیقی کے ماہر بھی ہیں،اور دیگر کئی علوم کے شناور بھی ہیں۔ متعدد کتابوں کے بھی مصنف تھے۔ ایک دیوان غیرت بہارستان، 1857ء کے ہنگامے میں ضائع ہوا۔ موجودہ تصانیف میں دو عاشقانہ دیوان مراۃ الغیب، صنم خانہ عشق اور ایک نعتیہ دیوان محامد خاتم النیین ہے۔ دو مثنویاں نور تجلی اور ابرکرم ہیں۔ ذکرشاہ انبیا بصورت مسدس مولود شریف ہے۔ صبح ازل آنحضرت کی ولادت اور شام ابد وفات کے بیان میں ہے۔ چھ واسوختوں کاایک مجموعہ بھی ہے۔ نثری تصانیف میں انتخاب یادگار شعرائے رامپور کا تذکرہ ہے، جو نواب کلب علی خان کے ایما پر 1890ء میں لکھا گیا۔ لغات کی تین کتابیں ہیں۔ سرمہ بصیرت ان فارسی عربی الفاظ کی فرہنگ ہے جو اردو میں غلط مستعمل ہیں۔ بہار ہند ایک مختصر نعت ہے۔ سب سے بڑا کارنامہ امیر اللغات ہے جس کی دو جلدیں الف ممدودہ و الف مقصورہ تک تیار ہو کر طبع ہوئی تھیں کہ انتقال ہو گیا۔
امیر اور نعت امیر مینائی اپنے استاد اسیر کی طرح شاعری میں عامیانہ جذبات تک اتر آئے تھے ۔ کہا جاتا ہے کہ محسن کاکوروی نے جب اپنا مشہور قصیدہ سمت کاشی سے چلا جانب متھرا بادل امیر مینائی کو دکھایا تو انہیں خود پر بہت افسوس ہوا کہ وہ کیا لکھتے آرہے ہیں ۔ اس کے بعد نعت کی طرف توجہ کی اور ایک نعتیہ دیوان ترتیب دیا۔ کلام
عربی:-
حَصَل الشّفَا بِخَیَا لِہِ انکے تصور سے شفا ہوگئی وَ صَل الا سٰی بِوَصَالِہِ انکے وصل سے اداسی دور ہوگئی عَذبت عیونُ مقالہِ انکی گفتگو کے چشمہ شیریں ہیں عظُمت شؤونُ جَلالہِ انکے جاہ و جلال کی عظیم شان ہے نصبت لَواءُ نَوَ الہِ انکی عطا کے جھنڈے گڑ گئے ہیں حُمِدَت جَمیعُ خِصَالہِ انکی تمام صفات قابل تعریف ہیں شَرَفَ الثّرَیٰ بِظِلَالِہ انکے سائے سے زمین کو عزت ملی سَمَکَ السَّمَا بِنِعَالِہ انکی نعلین مبارک سے آسمانوں کو رفعت ملی بلغ العلی بکمالہ آپ اپنے کمال کی وجہ سے بلندیوں پر پہنچے کشف الدجی بجمالہ اُنہوں نے اپنے جمال سے کی تاریکیوں کو دور کیا حسنت جمیع خصالہ اُن کی تمام خصلتیں خوب ہیں صلو ا علیہ و آلہ ان پر اور ان کی آل پر درود بھیجو
اردو:-
حلقے میں رسولوں کے وہ ماہِ مدنی ہے کیا چاند کی تنویر ستاروں میں چھنی ہے
کہدے میرے عیسٰی سے مدینے میں یہ کوئی اب جان پہ بیمارِ مَحَبّت کے بنی ہے
محبوب کو بے دیکھے ہوئے لوٹ رہے ہیں عشّاق میں کیا رنگِ اویسِ قرنی ہے
گھر سے کہیں اچھا ہے مدینے کا مسافر یاں صبحِ وطن شامِ غریب الوطنی ہے
معراج میں حوروں نے جو دیکھا تو یہ بولیں کس نوک پلک کا یہ جوانِ مدنی ہے
اِک عمر سے جلتا ہے مگر جل نہیں چکتا کس شمع کا پروانہ اویسِ قرنی ہے
عشاق سے پوچھے نہ گئے حشر میں اعمال کیا بگڑی ہوئی بات مَحَبّت سے بنی ہے
یاد احمدِ مختار کی ہے کعبہِ دل میں مکے میں عیاں جلوہِ ماہِ مدنی ہے
کس شوق سے جاتے ہیں مدینے کے مسافر محبوب وطن سے کہیں یہ بے وطنی ہے
کہتا ہے مسافر سے یہ ہر نخلِ مدینہ آرام ذرا لے لو یہاں چھاؤں گھنی ہے
آغوشِ تصور میں بھی آنا نہیں ممکن حوروں سے بھی بڑھ کر تری نازکبدنی ہے
اللہ کے محبوب سے ہے عشق کا دعوٰی بندوں کا بھی کیا حوصلہ اللہ غنی ہے
آنکھوں سے ٹپکتا ہے مری رنگِ اویسی جو لختِ جگر ہے وہ عقیقِ یمنی ہے
میں اس کے غلاموں میں ہوں جو سب کا ہے آقا سردارِ رسل سیّدِ مکی مدنی ہے
اعدا نے جہاں مانگی اماں رُک گئی چل کر شمشیرِ حُسینی میں بھی خلقِ حَسَنی ہے
ہر دل میں ہے محبوبِ الٰہی کی تجلی ہر آئینے میں عکسِ جمالِ مدنی ہے
مقتل ہے چمن نعش پہ حوروں کا ہے مجمع کیا رنگ میں ڈوبی مری خونیں کفنی ہے
پہنچی ہیں کہاں آہیں اویسِ قرنی کی باغوں میں مدینے کے ہوائے یمنی ہے
کچھ مدح پڑھوں روضہِ پُر نُور پہ چلکر یہ بات امیؔر اب تو مرے دل میں ٹھنی ہے
آنسو مری آنکھوں میں نہیں آئے ہوئے ہیں دریا تیری رحمت کے یہ لہرائے ہوئے ہیں
اللہ ری حیاء حشر میں اللہ کے آگے ہم سب کے گناہوں پہ وہ شرمائے ہوئے ہیں
میں نے چمن خلد کے پھولوں کو بھی دیکھا سب آگے ترے چہرے کے مرجھائے ہوئے ہیں
بھاتا نہیں کوئی ، نظر آتا نہیں کوئی دل میں وہی آنکھوں میں وہی چھائے ہوئے ہیں
روشن ہوئے دل پر تو رخسار نبیﷺ سے یہ ذرے اسی مہر کے چمکائے ہوئے ہیں
شاہوں سے وہیں کیا جو گدا ہیں ترے در کے یہ اے شاہ خوباں تری شہ پائے ہوئے ہیں
آئے ہیں جو وہ بے خودی ءِ شوق کو سن کر اس وقت امیر آپ میں ہم آئے ہوئے ہیں
بن آئی تیری شفاعت سے رو سیاہوں کی کہ فرد داخل دفتر ہوئی گناہوں کی
ترے فقیر دکھائیں جو مرتبہ اپنا نظر سے اترے چڑھی بارگاہ شاہوں کی
ذرا بھی چشم کرم ہو تو لے اڑیں حوریں سمجھ کے سرمہ سیاہی مرے گناہوں کی
خوشا نصیب جو تیری گلی میں دفن ہوئے جناں میں روحیں ہیں ان مغفرت پناہوں کی
فرشتے کرتے ہیں دامان زلف حور سے صاف جو گرد پڑتی ہے اس روضے پر نگاہوں کی
رکے گی آ کے شفاعت تری خریداری کھلیں گی حشر میں جب گٹھڑیاں گناہوں کی
میں ناتواں ہوں پہنچوں گا آپ تک کیونکر کہ بھیڑ ہوگی قیامت میں عذر خواہوں کی
نگاہ لطف ہے لازم کہ دور ہو یہ مرض دبا رہی ہے سیاہی مجھے گناہوں کی
خدا کریم محمدﷺ شفیع روز جزا امیر کیا ہے حقیقت میرے گناہوں کی